منگلورو، 12؍ جون(ایس او نیوز) نوکری کی تلاش میں غیر قانونی طور پر کینیڈا جانے کے لئے تملناڈو کے راستے منگلورو پہنچ کر لاڈجنگ میں قیام کرنے والے 38 سری لنکائی باشندوں کو پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کی ہے۔
سٹی پولیس کمشنر نے اخباری کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار کیے گئے 38 لوگ شمالی سری لنکا کے رہنے والے ہیں ۔ وہاں کے ایک ایجنٹ نے ان سے فی کس 10 لاکھ سری لنکائی روپے لے کر انہیں کینڈا بھیجنے اور ملازمت دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ یہ لوگ کشتی کے ذریعہ تقریباً ایک مہینے قبل تملناڈو پہنچے۔ ان لوگوں نے وہاں سے پرائیویٹ کشتی یا کارگو جہاز کے ذریعے کینیڈا جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ چونکہ تملناڈو میں الیکشن کی وجہ سے سخت پولیس بندوبست چل رہا تھا اس لئے یہ ممکن نہیں ہوا۔ اس لئے یہ لوگ چھوٹے چھوٹے گروپس کی شکل میں پرائیویٹ بس کے ذریعہ پہلے بنگلورو پہنچے اور پھر وہاں موجود اپنے ایجنٹ کے توسط سے منگلورو پہنچ کر روزمرہ مزدروں کی شکل میں لاڈج میں قیام کرنے لگے۔
معلوم ہوا ہے کہ اصل میں یہ جملہ 39 افراد تھے، مگر ان میں سے ایک 70سالہ شخص چند دن پہلے واپس سری لنکا کی طرف لوٹ گیا۔ پولیس کمشنر کے مطابق اس شخص کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش جارہی ہے۔ یہ ایک انسانی اسمگلنگ کا گھمبیر مسئلہ ہے، اس لئے ان کے خلاف آئی پی سی، پاسپورٹ ایکٹ، فارینرس ایکٹ، فارینر آرڈر جیسے قوانین کے تحت کیس داخل کیا گیا ہے۔